اسلام آباد ایئرپورٹ پر فائیو جی سروس کا آغاز

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فائیو جی سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے بعد یہ ملک کا پہلا ایئرپورٹ بن گیا ہے جہاں جدید ترین انٹرنیٹ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فائیو جی سروس کا اجرا ایک نجی ٹیلی کام کمپنی کے تعاون سے ممکن بنایا گیا، جس کا مقصد مسافروں کو تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نئی سہولت سے مسافروں کے سفر کے تجربے میں نمایاں بہتری آئے گی اور وہ ایئرپورٹ پر قیام کے دوران بلا تعطل تیز رفتار انٹرنیٹ استعمال کر سکیں گے۔
حالیہ دنوں میں حکومت نے فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے ذریعے تقریباً 507 ملین ڈالر حاصل کیے تھے، جس کا مقصد ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔ نیلامی کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں نے ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں میں فائیو جی سروس شروع کرنے کا اعلان کیا، جبکہ مستقبل میں اس کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔
محسن نقوی کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ، امیگریشن نظام بہتر بنانے کے احکامات
حکام کے مطابق اس نیلامی میں مجموعی طور پر 480 میگا ہرٹز اسپیکٹرم فروخت کیا گیا، جس میں مختلف فریکوئنسی بینڈز شامل تھے۔ تین بڑی ٹیلی کام کمپنیوں نے اس میں حصہ لیتے ہوئے جدید موبائل سروسز فراہم کرنے کے لیے فریکوئنسی حاصل کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ڈیجیٹل اور ٹیلی کام شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ملک تیزی سے ڈیجیٹل معیشت کی طرف بڑھ سکے۔
















